ایس ایس پی عرفان سموں کے مطابق دونوں مغوی پولیس اہلکاروں کو بازیاب کروالیا گیا جبکہ پولیس اہلکاروں کے اغوا میں ملوث کانسٹیبل عرفان جتوئی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ایس ایس پی کے عرفان سموں کے مطابق اطلاع ملی تھی کہ پولیس اہلکار عرفان جتوئی اہلکاروں کے اغوا میں ملوث ہے، جس کی نشاندہی پر کچے کےعلاقے کوٹ شاہو میں کارروائی کی گئی۔
فائرنگ کے تبادلے دوران ڈاکو مغوی پولیس کانسٹیبل صديق ملک اور امداد سومرو کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
خانپور تحصیل کی 10 میل پولیس چيک پوسٹ پر ڈاکوؤں نے حملہ کر کے پولیس اہلکاروں کو اغوا کرلیا تھا بعد ازاں مغوی پولیس اہلکاروں کی بازیابی کیلئے تیغانی گینگ، جتوئی گینگ اور شرگینگ کے خلاف پولیس آپریشن شروع کیا گیا۔
آپریشن میں ڈاکوؤں کے 10 سہولتکاروں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا،ڈاکوؤں کے متعدد ٹھکانوں کو بھی آگ لگادی گئی، گزشتہ چار ماہ میں ڈاکوؤں نے دو پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد کواغوا کیا تھا۔