اتحاد و یکجہتی عالم اسلام کا عظیم سرمایہ ہے، صدر رئیسی
دشمن دنیا میں اسلاموفوبیا اور مسلمانوں میں ایرانوفوبیا پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے
جکارتہ (شوریٰ نیوز)اتحاد و یکجہتی عالم اسلام کا عظیم سرمایہ ہے، دشمن دنیا میں اسلاموفوبیا اور مسلمانوں میں ایرانوفوبیا پھیلانے کی کوشش کر رہا ہےسید ابراہیم رئیسی نے اپنے دورہ انڈونیشیا کے دوران بدھ کے روز جکارتا کی مسجد استقلال میں ظہر کی نماز ادا کی۔ اس موقع پر انھوں نے اپنے خطاب میں انڈونیشیا کے نمازیوں میں اپنی موجودگی اور ان سے ملاقات پر مسرت کا اظہار کیا۔انھوں نے مسلمانوں کے اتحاد اور یکجہتی کو انتہائی اہم اور اسٹریٹجک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اتحاد و یکجہتی کو فراموش نہ کیجیے اس لیے کہ یہ انڈونیشیا اور عالم اسلام کا عظیم سرمایہ ہے۔ مساجد کو عبادت کا مرکز ہونے کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کی سماجی ذمہ داریوں کی ادائیگی کا مقام بھی ہونا چاہیے۔اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے مزید کہا کہ دشمن دنیا میں اسلاموفوبیا اور مسلمانوں میں ایرانوفوبیا پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے اور دنیا کے مسلمان جانتے ہیں کہ ان کا بہترین دوست اسلامی جمہوریہ ایران ہے کہ جو ان کی عزت و خودمختاری اور سربلندی کے بارے میں سوچتا ہے اور ان کی بدامنی اورعدم استحکام کو اپنی بدامنی اور عدم استحکام سمجھتا ہے۔