بہتر ہوتا حکومت اتحادیوں سے بات چیت کرکے بجٹ بناتی: بلاول بھٹو
کراچی میں اپنی والدہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر بجٹ بناتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رائے شامل کی ہوتی تو ہم بہتر انداز میں آگے بڑھتے، مشکل وقت میں مل کر معیشت کو سنبھالنا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی نیت صاف ہے، حکومت معاشی مسائل سے ملک کو نکالنے کی کوششیں کررہی ہے، امید ہے وزیراعظم شہباز شریف پیپلز پارٹی سے کیے گئے اپنے وعدے پورے کریں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اپنی انا کیلئے ملک کو نقصان پہنچا رہی ہیں، ہم زور دیتے ہیں کہ مل کر پارلیمان کو مضبوط کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو آج بھی گڑھی خدا بخش سے حکومتیں بناتی اور گراتی ہیں۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ پورے ملک کا مسئلہ ہے، سندھ کے عوام کو سولر پینلز کی فراہمی کے 5 سالہ منصوبے پر کام کررہے ہیں، جو لوگ افورڈ کرسکتے ہیں انہیں رعایتی نرخ پر سولر پینلز فراہم کریں گے اور جو نہیں کرسکتے، انہیں مفت دیں گے۔