وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آئین ہار گیا اور بیگمات جیت گئیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سوال یہ ہے ایک پارٹی کے لیے اتنا پیار کیوں ہے؟ لاڈلے کی محبت ہر چیز پر غالب آ جاتی ہے، وہ شخص ریلیف نہ بھی مانگے پھر بھی اس کو دیا جاتا ہے، کسی متاثرہ فریق کو نہیں سنا گیا، جو کیس میں فریق نہیں تھا اس کو ریلیف دیا گیا، لوگ کہہ رہے ہیں کہ عدالت کا فیصلہ ری ایکشنری تھا۔
کل پی ٹی آئی کو فائدہ پہنچایا گیا، جو انہوں نے مانگا نہیں وہ ان کو دے دیا گیا، کل سپر نظریہ ضرورت متعارف کرایا گیا، لاڈلے کی محبت میں پاکستان کونقصان پہنچایا جاتا ہے کل تو کمال ہو گیا، پیار محبت کی اخیر ہو گئی، ایسی محبت تو سوہنی ماہیوال کی بھی نہیں تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے اقلیتی اور مخصوص نشستیں پاکستان تحریک انصاف کو دینے کا حکم جاری کیا۔