ملک بھر میں شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد میں محرم الحرام کے جلوس نکالے گئے

0 63

ملک بھر میں شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یادمیں محرم الحرام کے جلوس نکالے گئے،کراچی میں حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کی قربانی کی یاد میں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے نکالا گیا۔

جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کیلئے سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے اور شہر میں موبائل فون سروس بھی جزوی طور پر معطل رہی۔

روہڑی میں محرم الحرام کا نو ڈھالہ تعزیہ جلوس روایتی راستوں سےہوتا ہوا اپنی دوسری منزل کربلا میدان روہڑی پہنچا۔

حیدرآباد میں مرکزی جلوس امام بارگاہ چہاردہ معصومین سےبرآمد ہوا جو مختلف راستوں سےگزرتا ہوا مقررہ مقام پر اختتام پزیر ہوا۔ اس کے علاوہ میرپورخاص، سجاول، ٹنڈو الہ یار، مٹیاری سمیت سندھ کےمختلف شہروں میں محرم الحرام کے جلوس برآمد ہوئے۔

ملتان میں امام بار گاہ ممتاز آباد سے نکلنے والا مرکزی جلوس اسی مقام پر ختم ہوا۔ فیصل آباد میں بھی مرکزی جلوس امام بارگاہ حیدریہ امین پور بازار جبکہ گوجرانوالہ میں مرکزی جلوس امام بارگاہ قصر ابوطالب سےبرآمد ہوا۔

جھنگ، سرگودھا، بہاولپور، وہاڑی، ڈی جی خان، رحیم یار خان، منڈی بہاؤ الدین سمیت پنجاب کےمختلف شہروں میں بھی عزاداروں نے شہدائے کربلا کو یاد کیا اور جلوس نکالے۔

پاراچنار میں محرم کےحوالےسے ماتمی جلوس اور مجالس منعقد کی گئیں۔ ہنگو، ڈیرہ اسماعیل خان، ہری پور، ٹانک، بنوں سمیت دیگر علاقوں سےنکلنے والےجلوس اپنی منزلوں پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے۔

گلگت میں محلہ قاسم پورہ امام بارگاہ سے برآمد ہونےوالا جلوس مرکزی امامیہ جامع مسجد میں ختم ہوا۔ عزاداران نے امام عالی مقام کو خراج عقیدت پیش کیا۔

مظفرآباد میں محرالحرام کا جلوس امام بارگاہ بیلہ نور شاہ سےبرآمد ہوا جو مرکزی امام بارگاہ پیر علم شاہ بخاری پہنچ کر ختم ہوا۔

اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور شرکا کو صرف مخصوص راستوں سے جلوس میں داخلے کی اجازت تھی۔ ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں مجالس کا سلسلہ جاری ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.