وفاقی وزیر برائے قانون اعظم نذیر تار ڑ نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس تحریک انصاف پر پابندی کے لیے مواد موجود ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھاکہ وفاقی حکومت تحریک انصاف پر پابندی کے معاملے پر سنجیدگی سے سوچ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس تحریک انصاف پر پابندی کیلئے مواد موجود ہے، ریفرنس دائر کرنے سے پہلے اتحادیوں کو بھی ساتھ ملایا جائے گا، تمام سیاسی اور قانونی پہلوؤں کو دیکھا جائے گا پھر ریفرنس سپریم کورٹ میں دائر کیا جائے گا۔
دوسری جانب آج ہونے والے وفاقی کابینہ کا اجلاس میں پی ٹی آئی پر پابندی کا معاملہ زیر غور نہیں آیا، کابینہ میں پی ٹی آئی پر پابندی کا معاملہ زیر غور آنا تھا تاہم اجلاس میں اس معاملے پر کوئی غور نہیں کیا گیا۔
کابینہ اجلاس میں سابق صدر عارف علوی، عمران خان اور قاسم سوری پر آرٹیکل 6 لگانے کا معاملہ بھی زیر غور نہیں آیا،خیال رہے کہ گزشتہ دنوں حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا اعلان کیا گیا تھا۔