لیونل میسی کی بارسلونا میں واپسی یا سعودی کلب سے معاہدہ ہو گا

فرانسیسی کلب پی ایس جی کی طرف سے اپنا آخری میچ کھیلیں گے

0 173

ریاض (شوریٰ نیوز)لیونل میسی کی بارسلونا میں واپسی یا سعودی کلب سے معاہدہ ہو گا، فرانسیسی کلب پی ایس جی کی طرف سے اپنا آخری میچ کھیلیں گے،مشہور فٹبالر لیونل میسی ہفتے کو فرانسیسی کلب پی ایس جی کی طرف سے اپنا آخری میچ کھیلیں گے تاہم ان کے مستقبل کے حوالے سے ابھی سے ہی مختلف آوازیں آنا شروع ہوگئی ہیں۔ 35 سالہ لیونل میسی کو اپنے سابق کلب بارسلونا میں واپسی کا فی الحال کوئی اشارہ نہیں ملا ہے اور نہ ہی اس حوالے سے انہیں کوئی آفر کی گئی ہے۔ بارسلونا کے منیجر ژاوی ہرنینڈس لیونل میسی کی واپسی پر زور دے رہے ہیں لیکن اسٹار فٹبالر کی طرف سے میڈیا کو بتایا گیا ہے کہ انہیں بارسلونا کلب کی طرف سے فی الحال کوئی پیشکش موصول نہیں ہوئی ہے۔ژاوی ہرنینڈس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے اس میں کوئی شک نہیں کہ اگر میسی واپس آتا ہے تو وہ فٹبال کی سطح پر ہماری مدد کرے گا اور میں نے صدر کو یہ بتا دیا ہے۔ اسپینش فٹبال لیگ کے صدر زیویئر ٹیباس اپریل میں کہہ چکے ہیں کہ لیونل میسی کی بارسلونا میں واپسی مشکل لگتی ہے۔ بارسلونا اس وقت لالیگا کے مالیاتی منصوبے کی منظوری کا انتظار کر رہا ہے۔ گزشتہ سال ارجنٹینا کو قطر میں فٹبال ورلڈ کپ جتوانے والے لیونل میسی نے 13 سال کی عمر میں بارسلونا کلب سے کھیلنا شروع کیا تھا جس کے بعد 2021 میں وہ اپنی طویل وابستگی ختم کر کے فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین سے جڑ گئے تھے۔ لیونل میسی نے 2021 میں پی ایس جی کے ساتھ 2 سال کا معاہدہ کیا تھا جو رواں برس ختم ہو جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.