کیا بابر آئندہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل ہوں گے؟ ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے لب کشائی کردی

0 106

پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے قومی ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں جگہ ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے لب کشائی کر دی۔بابر اعظم اس وقت تمام فارمیٹس میں خراب فارم سے گزر رہے ہیں، حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف 3 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وہ مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 47 رنز بنا سکے۔

اس سیریز میں پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا۔آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں بابر کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے گزشتہ دنوں سابق کرکٹر باسط علی نے دعویٰ کیا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ اس فارمیٹ میں بابر کا آخری میچ ہو سکتا ہے۔

باسط علی نے ایک ٹی وی پروگرام کے دوران کہا کہ عاقب جاوید کے ہیڈ کوچ بننے کے بعد بابر کا یہ آخری ٹی ٹوئنٹی میچ ہو سکتا ہے کیوں کہ عاقب بابر کے ناقدین میں سے ایک ہیں۔تاہم عاقب جاوید نے بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے باسط کے اس دعوے کو مکمل طور پر مسترد کیا اور بابر کی قومی ٹیم کے لیے سالوں کی خدمات کو یاد دلایا۔

عاقب جاوید نے کہا کہ سینیئر کھلاڑی جیسے کہ بابر اور رضوان کی ٹیم میں ایک اہمیت ہے۔ انہوں نے پاکستان کے لیے سالوں تک کارکردگی دکھائی ہے۔ ہر شخص کی اپنی رائے ہوتی ہے لیکن ہمارا فوکس کسی انفرادی کھلاڑی کو نشانہ بنانے پر نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر کسی نے دیکھا کہ بابر نے آخری 3 ون ڈے میچوں میں کیسا کھیلا، جب آپ کوچ یا سلیکٹر بنتے ہیں، تو یہ انفرادی پسند یا ناپسند کی بات نہیں ہوتی، آپ کا مقصد پاکستان کرکٹ کو بہتر بنانا ہوتا ہے۔

عاقب جاوید نے کہا کہ ہمارا فوکس صرف پاکستان کرکٹ کو بہتر بنانے پر ہے۔اس کےعلاوہ پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ ابھی فوکس ون ڈے کرکٹ اور چیمپنز ٹرافی پر ہے ، فخر زمان کے ساتھ فٹنس مسائل ہیں ،حل ہو جائیں گے تو وہ ٹیم میں شامل ہوں گے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.