ہماری حکومت میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ،گنڈا پور
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ہماری حکومت میں امن و امان کی صورتحال بہترہوئی، صوبے میں سی ٹی ڈی کے 16 اسٹیشن موجود ہیں، پراسیکیوشن کی پرفارمنس میں بھی بہتری آئی ہے۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ سی ٹی ڈی کی کے پی میں پرفارمنس بہت بہتر ہے، سی ٹی ڈی نے ہزاروں دہشت گرد کارروائیاں ناکام بنائیں جس کے لیے آئی جی، ڈی آئی جی سمیت کے پی کے افسران کو سلام پیش کرتا ہوں۔
وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ ایپکس کمیٹی میں وزیراعظم نے کہا کہ کےپی میں سی ٹی ڈی فعال نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سی ٹی ڈی کو بم پروف گاڑیوں کیلئے بجٹ پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی اہلکاروں کی کٹس کا مسئلہ ہے، 300 کٹس کے لیے کل فنڈز مہیا کریں گے، 16 اسنائپرز کے لیے بھی فنڈز دے رہے ہیں، ہمارے پاس بہت لمبی سرحد ہے، ملک کے قربانیاں دیتے رہے گے۔
علی امین کا کہنا تھا کہ ہماری لیب اپ ڈیٹ ہوگئی ہے جس کے بعد اب پنجاب جانے کی ضرورت نہیں، پہلے ٹیسٹ کیلئے سیمپل پنجاب کی لیبارٹری میں بھیجے جاتے تھے۔