زمینی تنازع کو مذہب کا نام دے کر قتل وغارت کسی صورت قبول نہیں، شیخ ہادی
پارا چنار کومیزائلوں سے نشانہ بنایا جارہاہےاور میزائل افغانستان سے فائر کئے جا رہے ہیں
اسلام آباد(شوریٰ نیوز)آیت اللہ العظمٰی الشیخ محمد الیعقوبی (دام ظلہ)کے وکیل اور شوریٰ تبلیغ اسلامی کے سرپرست اعلیٰ شیخ ہادی حسین ناصری نےسانحہ پارہ چنار(کرم ایجنسی) کے حوالے شوریٰ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارہ چنار میں بیرونی مداخلت کو کنٹرول کرنا حکومت اور فوج کا کام ہےزمینی تنازع کو مذہب کا نام دے کر قتل وغارت کسی صورت قبول نہیں انہوں نے کہا کہ مرکزی اور صوبائی حکومتیں فوری طور پر اقدامات اُٹھا کر مسئلہ کا حل تلاش کریں انہوں نے کہا کہ یہ کیسے ممکن ہوگیا کہ کچھ دہشتگرد سرحد پر لگی باڑ کو کاٹ کر پاکستان میں داخل ہوکر ہمارے شہریوں پر حملہ آور ہوئے انہوں نے کہا کہ شہید ہونیوالے اساتذہ کے قتل میں ملوث دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کر کے اُنہیں عبرت کا نشان بنایا جاتا تو آج یہ صورتحال پیدا نہ ہوتی۔انہوں نے کہا کہ کرم ایجنسی میں یہ جنگ کئی علاقوں تک پھیل چکی ہے ، بھاری ہتھیاروں کا بے دریغ استعمال جاری ہے ،پاڑا چمکنی سے کئی بار ضلع کرم کے صدر مقام پارا چنار کومیزائلوں سے نشانہ بنایا جارہاہےپیواڑ پر اٹھارہ فٹ کے میزائل افغانستان سے فائر کئے جا رہے ہیں۔شیخ ہادی کا کہنا تھا کہ بیرون مداخلت کو کسی بھی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا حکومت اور فوج ملکر اس مسئلہ کا فوری حل نکالیں اور کرم ایجنسی کے حالات کو دوبارہ سے معمول پر لائیں۔