راولپنڈی، موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب، 13 افراد جاں بحق

دیوار گرنے کے 2 واقعات،ریسکیو 1122 کی جائے حادثہ پر امدادی کارروائی

0 77

راولپنڈی(شوریٰ نیوز) موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب، 13 افراد جاں بحق، دیوار گرنے کے 2 واقعات،ریسکیو 1122 کی جائے حادثہ پر امدادی کارروائی ، جڑواں شہروں میں گزشتہ شب ہونے والی موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جب کہ دیوار گرنے کے 2 واقعات میں 13 افراد جاں بحق ہو گئے۔ راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے دوران پشاور روڈ پر گولڑہ کے نزدیک دیوار گرنے سے 12 افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے۔ حادثے کے بعد ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائی کی اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالا۔ کارروائی میں بھاری مشینری کا استعمال بھی کیا گیا۔واضح رہے کہ کم و بیش 100 فٹ طویل اور 11 فٹ اونچی دیوار کی آڑ میں پل کی تعمیر کے لیے آئے ہوئے مزدوروں نے ٹینٹ لگا رکھا تھا۔ حادثے کے بعد ملبے تلے دبے مزید افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائی جاری ہے جب کہ ریسکیو ٹیموں نے 4 مزدوروں کو زندہ نکال کر اسپتال منتقل کیا۔شدید بارش کے دوران ایک دوسرے واقعے میں تھانہ کھنہ کے علاقے محمد ٹاؤن میں دیوار گر گئی، جس کے نیچے دب کر 11 سالہ بچی جاں بحق ہو گئی۔بعد ازاں اسلام آباد گولڑہ موڑ کے قریب دیوار گرنے سے جاں بحق مزدوروں کی شناخت کرلی گئی جن میں محمد شعیب، زاہد، کریم، نور محمد، کلیم اللہ، جلال دین، اکبرزادہ، اسرافیل، نعمان، محمد خالد اور یٰسین شامل ہیں جب کہ زخمی ہونے والوں میں فاروق، محمد شکیل، عنایت، رحمان اور معلم خان شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.