بھارتی فوج کی جارحیت کا تیسرا روز، مزید 2 کشمیری شہید
کشمیری نوجوان کو ضلع کپواڑا میں سرچ آپریشن کے دوران شہید کردیا گیا
سری نگر(شوریٰ نیوز)بھارتی فوج کی جارحیت کا تیسرا روز، مزید 2 کشمیری شہید،کشمیری نوجوان کو ضلع کپواڑا میں سرچ آپریشن کے دوران شہید کردیا گیا ،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی آج مسلسل تیسرے روز بھی جاری ہے جس میں مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں شہید کردیا گیا۔ پونچھ کے بعد بھارتی فوج نے ضلع کپواڑا میں بھی اپنی روایتی جارحیت اور ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کیا۔ داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے گھر گھر تلاشی لی گئی۔سرچ آپریشن کے دوران چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا۔ گھروں میں موجود خواتین کو ہراساں کیا گیا اور احتجاج کرنے پر بزرگوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس سے بچے سہم گئے۔اسی دوران قابض بھارتی فوج نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 نوجوان شہید ہوگئے۔ نوجوان نہتے تھے اور مقامی کالج کے طالب علم بتائے جاتے ہیں۔