نوجوان بڑھ چڑھ کر اے این پی کی ممبرسازی مہم کا حصہ بنیں، سردارحسین بابک

عوامی نیشنل پارٹی کا منشور مسائل کا ادراک اور تمام مشکلات کا حل پیش کرتی ہے

0 107

پشاور(شوریٰ نیوز) عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری سردارحسین بابک نے کہا ہے کہ نوجوان بڑھ چڑھ کر اے این پی کی ممبرسازی مہم کا حصہ بنیں۔نوجوان ہمارے ملک و قوم کا سرمایہ اور کل کے معماران ہیں۔ ہماری آبادی کا زیادہ حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ اے این پی کا منشور مسائل کا ادراک اور تمام مشکلات کا حل پیش کرتی ہے۔عوامی نیشنل پارٹی ایک جمہوری جماعت ہے اور نوجوانوں کو سہولت کاروں، لوٹوں اور اقتدار کی سیاست کے پجاریوں کو مسترد کرنا چاہئیے۔ سردارحسین بابک کا کہنا تھا کہ ملک اور عوام مسائل کے جس دلدل میں پھنسے ہیں، نوجوانوں کو اے این پی جیسی سیاسی جماعت کو مضبوط کرنا چاہئیے۔تاریخ گواہ ہے کہ انگریز دور سے لے کر آج تک عدم تشدد کے علمبردار عوامی مسائل کو اجاگر اور اس کا حل پیش کرنے کا موثر سیاسی بیانیہ رکھتے ہیں۔ملک کے حکمران اے این پی کے منشور پر عمل درآمد کرکے ملک کو بدامنی، سیاسی اور معاشی بحران سے نکال سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اے این پی کی عوام دوست سیاست ایک مستقل نظریے پر قائم ہے ۔یہی وجہ ہے کہ ہر جابر اور آمر حکومتی و ریاستی جبر اور سرکاری ذرائع کے استعمال کے باوجود اس سوچ اور نظریے کو کمزور اور ختم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ اے این پی کی سیاست کی تقلید آج ملک کی تمام سیاسی جماعتوں اور ریاست پر فرض ہوچکی ہے۔ ملک کو مسائل کے دلدل سے نکالنے کیلئے اے این پی کی سیاست پر عمل پیرا ہونے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.