چیمپئنز ٹرافی: نیوزی لینڈ کے کپتان بھی بھارت کے دبئی ایڈوانٹیج پر بول پڑے

0 112

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم نے اپنے تمام میچز دبئی اسٹیڈیم میں کھیلے جس پر مختلف کرکٹ شخصیات پہلے ہی آواز اٹھاچکی ہیں لیکن اب فائنل کی دوسری ٹیم نیوزی لینڈ کے کپتان میچل سینٹنر نے بھی اس پر بات کی ہے۔

پاکستان سے دبئی پہنچنے پر نیوزی لینڈ کے کپتان نے بھی دبئی ایڈوانٹیج پر آواز اٹھاتے ہوئے کہا کہ بھارت نے اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے ہیں اس لیے بھارت کو دبئی کی پچز اور کنڈیشنز کا علم ہے۔

میچل سینٹنر نے کہا کہ ظاہری طور پر پچز سے آپ کو پتا چلتا ہے کہ آپ نے کیسے کھیلنا ہے، لاہور کے مقابلے میں یہ پچ تھوڑی سلو ہو سکتی ہے، یہ اسکریپ کی طرح ہو سکتی ہے لیکن اس پر قابو پائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک اچھی ٹیم کے خلاف کھیل رہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ پہلے کے مقابلے اب زیادہ رنز کریں گے، ابھی ہم رنز کرکے آ رہے ہیں، امید ہے کہ سلسلہ جاری رہے گا۔

کیوی کپتان کا کہنا تھا کہ اس ٹورنامنٹ میں عام تاثر یہی ہے کہ ٹیموں کا آنا جانا زیادہ رہا، یہ سب چیلنجز کا حصہ ہے، ہم پاکستان اور دبئی میں کھیلے، میرے خیال میں ان دنوں کھلاڑی صورتحال کو سمجھتے ہیں، جب تک آپ میچ کے لیے تیار ہوں تو سب اچھا رہتا ہے۔

میچل سینٹنر نے مزید کہا کہ لاہور میں سیمی فائنل میں جنوبی افریقا کے خلاف مقابلہ اچھا رہا، کھلاڑیوں نے جنوبی افریقا کی مضبوط ٹیم کے خلاف ناک آؤٹ مرحلے میں اچھا کیا، فائنل کا میچ بہت مختلف ہوتا ہے یہ کھلاڑیوں کو بھی علم ہے، بھارت کے خلاف گروپ میچ کے مقابلے میں زیادہ اچھا کرنے کی کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے آخری گروپ میچ بھارت کے خلاف دبئی میں کھیلا تھا اور نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم لاہور میں سیمی فائنل کھیل کر گزشتہ روز دبئی پہنچی، اتوار کو فائنل میں بھارت اور نیوزی لینڈ کا مقابلہ دبئی میں ہوگا۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.