بھارت کو پاکستان کے حملے کا خوف ستانے لگا، میچز منتقل کرنے پر غور
بھارتی حکومت اور کرکٹ بورڈ کو اپنی افواج کے بزدلانہ اقدام کے بعد پاکستانی حملے کا خوف ستانے لگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونیوالا گجرات ٹائٹنز اور لکھنؤ سپر جائنٹس کا میچ ممبئی منتقل کیا جاسکتا ہے۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے جوابی وار کے خوف سے پہلے ہی بھارت متعدد ایئرپورٹس بند کرچکا ہے جس کے باعث ممبئی انڈینز کی ٹیم چندی گڑھ میں پھنس گئی ہے۔
دھرم شالہ میں جمعرات کے روز پنجاب کنگز اور دہلی کیپیٹلز کا میچ بھی شیڈول ہے، دونوں ٹیمیں پہلے سے ہی شہر میں مقیم ہیں، بورڈ کو اس حوالے سے حکومتی ہدایات کا انتظار ہے۔
دوسری جانب گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں ایک نامعلوم ای میل کے ذریعے احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم کو بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہوئی ہے، جس کی اطلاع پولیس کو دیدی گئی ہے۔
پاکستان کے جوابی وار سے بچنے کیلئے بھارت کی انتہا پسند حکمران جماعت بی جے پی نے ملک میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی ہے جبکہ آئی پی ایل میچز کیلئے اضافی اہلکار بھی تعینات کردیے گئے ہیں۔