ناقص پرفارمنس کے باوجود عاقب جاوید کو "نیا عہدہ” مل گیا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نئے ہیڈکوچ کے اعلان کے ساتھ عبوری کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھالنے والے سابق کرکٹر عاقب جاوید کو بھی نئے عہدے سے نواز دیا۔
بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سابق کرکٹر و عبوری ہیڈکوچ عاقب جاوید کو ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر تعینات کردیا گیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے عاقب جاوید کو ڈائریکٹر آف ہائی پرفارمنس سینٹر تعینات کرنے پر انہیں خوش آمدید کہا۔
قبل ازیں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر مائیک ہیسن کو قومی کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈکوچ بننے پر مبارکباد پیش کی تھی۔
واضح رہے کہ عاقب جاوید کے دور میں پاکستان ہوم گراؤنڈ پر ہونیوالی آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے پہلے راؤنڈ سے باہر ہوا جبکہ دورہ نیوزی لینڈ میں انہیں بدترین شکست ہوئی، 7 میچز کے ٹور میں قومی ٹیم محض ایک فتح حاصل کرسکی تھی۔