پاکستان ٹیم ٹی20 میں اوپنرز کی طرف سے مضبوط آغاز کیلئے ترس گئی

0 12

پاکستانی ٹیم ٹی210 فارمیٹ میں اوپنر کی طرف سے مضبوط آغاز کیلئے ترس گئی۔

سال 2024 سے اب تک ٹاپ 10 ٹیموں میں پاکستانی اوپنرز کی ایوریج سب سے کم 17.7 ہے، 32 میچز میں اوپنرز مشترکہ طور پر 550 رنز ہی بنا سکے۔

ٹی20 کرکٹ میں ابتدائی 6 اوورز کے پاور پلے میں تیزی سے رنز بنانے والی ٹیموں کو ہی ایڈوانٹیج حاصل ہوتا ہے، مگر پاکستانی اوپنرز ان ابتدائی اوورز کا ٹیم کو بھرپور فائدہ پہنچانے میں اکثر ناکام دکھائی دیتے ہیں۔

2024 سے اب تک اوپننگ شراکت گرین شرٹس کو تسلسل سے مضبوط بنیاد کی فراہمی میں ناکام رہی جس کا اثر ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر بھی پڑا، اس دوران پاکستان نے مجموعی طور پر 32 ٹی20 میچز کھیلے، ان میں اوپنرز نے مشترکہ طور پر 550 رنز اسکور کیے۔

اس دوران اوپننگ شراکت کی اوسط 17.7 رہی ، یہ ٹیسٹ پلئینگ نیشنز کی ٹاپ 10 ٹیموں میں سب سے کم ہے، اس معاملے میں افغان ٹیم 39 کی ایوریج کے ساتھ ٹاپ پر موجود ہے، اس کے اوپنرز نے 21 میچز میں 820 رنز اسکور کیے، ویسٹ انڈین سائیڈ 37.1 کی اوسط کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، اس کے اوپنرز نے ابتدائی وکٹ کی شراکت میں اس عرصے کے دوران مجموعی طور پر 966 رنز بنائے۔

اسی طرح انگلش اوپنرز 20 میچز میں 37.1 کی اوسط سے 705 رنز بنا کر تیسرے نمبر پر ہیں، سری لنکا 32.6 کی اوسط سے چوتھے نمبر پر ہے، اس کے اوپنرز نے 23 میچز میں 751 رنز بنائے۔

آسٹریلوی اوپنرز نے 21 میچز میں 670 رنز 31.9 کی اوسط سے اسکور کیے، نیوزی لینڈ 27 میچز میں 28.2 کی اوسط سے 763 رنز کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔

جنوبی افریقا کے اوپنرز کی مشترکہ اوسط 26.3 ہے، بھارت 25.5 ایوریج کے ساتھ آٹھویں اور بنگلادیش 25.3 کی اوسط سے نویں نمبر پر ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.