آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ: انگلینڈ کے ہیری بروک نمبر ون بلے باز بن گئے
آئی سی سی مینز ٹیسٹ پلیئر رینکنگ میں انگلینڈ کے ہیری بروک نے بھارت کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے بعد ایک بار پھر نمبر ون پوزیشن حاصل کر لی اور اپنے ساتھی کھلاڑی جو روٹ کو پیچھے چھوڑ دیا۔کرکٹ کی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق بھارت کے خلاف شاندار کارکردگی نے ہیری کو دوبارہ ٹاپ پوزیشن پر پہنچا دیا جب کہ روٹ اب دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔
ایجبسٹن ٹیسٹ میں بھارتی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شبمن گل کی رینکنگ میں بھی زبردست بہتری دیکھی گئی۔بھارتی کپتان نے دوسرے ٹیسٹ میں 269 اور 161 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر بطور کپتان پہلی فتح حاصل کی اور رینکنگ میں 15 درجے بہتری کے ساتھ کیریئر کی بہترین چھٹی پوزیشن حاصل کر لی۔
ہیری بروک، جو روٹ اور شبمن گل کے درمیان کین ولیمسن (تیسرے نمبر پر)، یشسوی جیسوال (چوتھے نمبر پر) اور اسٹیون اسمتھ (پانچویں نمبر پر) موجود ہیں۔اسی طرح، بھارت کے خلاف دونوں ٹیسٹ میں اچھی بلےبازی کرنے والے انگلینڈ کے جیمی اسمتھ نے بھی شاندار چھلانگ لگائی ہے اور 16 درجے اوپر آ کر پہلی بار ٹاپ 10 میں شامل ہو گئے ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں باؤلرز رینکنگ میں بھارت کے جسپریت بمراہ بدستور نمبر ون پر ہیں۔پاکستان کے نعمان علی واحد پاکستانی باؤلر ہیں جو اب بھی ٹیسٹ بولرز کی ٹاپ 10 میں موجود ہیں۔