پاکستان سپر لیگ میں کل مزید دو میچوں کا فیصلہ ہو گا
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں (کل) ہفتہ کو مزید دو میچوں کا فیصلہ ہو گا۔ پہلے میچ میں لاہور قلندرز کی ٹیم پشاور زلمی اوردوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے نبردآزما ہو گی ، دونوں میچ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم ، راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے ۔
پی سی بی کے زیر اہتمام پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے ،لیگ کا 17واں میچ (کل) بروز ہفتہ کو دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے مابین کھیلا جائے گا ، یہ میچ دوپہر 2 بجے شروع ہو گا ۔ لاہور قلندرز کو فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی لیڈ کریں گے ، دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں فخر زمان ، راسی وین ڈر ڈاسن ، سکندر رضا اور کارلوس براتھویٹ شامل ہیں۔
قلندرز کی اب تک کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی اور اسے پہلے 6 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ، پشاور زلمی مایہ ناز بیٹر بابر اعظم کی زیر قیادت میدان میں اترے گی اور انہیں رومن پائول ، صائم ایوب ، محمد حارث ، لیوک ووڈ ، نوین الحق کی خدمات حاصل ہیں۔ پشاور زلمی 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے ۔ لیگ کے 18ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی ،
یہ میچ شام 7 بجے شروع ہو گا ۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کو لیگ سپنر شاداب خان لیڈ کر رہے ہیں ، دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں کولن منرو ، نسیم شاہ ، ٹائمل ملز ، عماد وسیم اور فہیم اشرف شامل ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جارح مزاج بیٹر رائلی روسو کی قیادت میں میدان میں اترے گی ، اس ٹیم سرفراز احمد ، جیسن رائے ، عقیل حسین ، محمد وسیم اور سعود شکیل جیسے بہترین کھلاڑی شامل ہیں ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 8 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور اسلام آباد یونائیٹڈ 4 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے ۔