کیوی ٹیم کا 17 ماہ میں تیسرا دورہ پاکستان، شیڈول کا اعلان کردیا گیا

0 73

پی سی بی کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم 14 اپریل سے پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں وہ 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔

سیریز کے تین میچز 18، 20 اور 21 اپریل کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جس کے بعد 25 اور 27 اپریل کو ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچز کی میزبانی لاہور کرے گا، ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تمام 5 میچز رات7 بجے شروع ہوں گے۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم نے دسمبر 2022 میں 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا، اسی سال کے آخر میں وہ 10 وائٹ بال میچوں میں حصہ کے لیے پاکستان آئی تھی، یہ میچز لاہور، راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے گئے تھے۔

ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور نیوزی لینڈ کرکٹ کے درمیان غیر متزلزل دوستی ہے، ہمیں نیوزی لینڈ کی ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے، یہ دورہ ان گہرے تعلقات اور باہمی احترام کی علامت ہے جو دونوں کرکٹ ممالک کے درمیان موجود ہے۔

ہمارے شائقین اور پاکستانی عوام نیوزی لینڈ کی ٹیم کا ایک بار پھر خیرمقدم کریں گے اور ہمیں امید ہے کہ ایک اور مسابقتی سیریز ہو گی جو اس سال کے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کا ایک اہم حصہ ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.