پیرس اولمپکس کا آغاز 26 جولائی سے پیرس میں ہو گا، تیاریاں عروج پر
پیرس اولمپکس گیمز 26 جولائی سے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں شروع ہوں گی جو 11 اگست تک جاری رہیں گی۔ پیرس اولمپکس گیمز کا کائونٹ ڈائون جاری ہے ،کھیلوں کے بڑے میلے کو سجنے میں 14 دن باقی رہ گئے ہیں۔
فرانسیسی دارالحکومت اپنی تاریخ میں تیسری بار دنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے مصروف ہے۔رنگا رنگ اور سحر انگیز افتتاحی تقریب میں تقریبا آدھا ماہ باقی رہ گیا ہے، پیرس اولمپکس گیمز کی انتظامیہ کے مطابق کھیلوں کے سب سے بڑے میلے کو سجانے کے لئے بھرپور تیاریاں اپنے آخری مراحل میں ہیں۔
پیرس اولمپکس گیمز میں32 کھیلوں کے329 ایونٹس ہوں گے جن میں دنیا بھر سے تقریبا ساڑھے10 ہزار اتھلیٹس شرکت کریں گے۔ پیرس اولمپکس جن کے آغاز میں اب 14 دن کا وقت رہ گیا ہے ، میں شرکت کرنے والے کئی ایتھلیٹس نے اولمپک گیمز کے دوران متوقع ہیٹ ویو پر خدشات کا اظہار کیا ہے ۔
ورلڈ ایتھلیٹکس کے صدر سیباسٹین کو نے کہا کہ اولمپک گیمز کے دوران زیادہ درجہ حرارت ایتھلیٹس کے لئے نیند میں خلل سے لے کر تنائو اور زخمی ہونے تک کے خطرات پیدا کر سکتا ہے۔اس کے علاوہ گرمی کی شدت عوام کے لیے بھی خطرے کا باعث بن سکتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اولمپک گیمز کے موقع پر لاکھوں شائقین پیرس میں جمع ہوں گے۔ ایتھلیٹس کے خدشات کو مد نظر رکھتے ہوئے پیرس اولمپکس 2024 کی آرگنائزنگ کمیٹی نے آنے والے دنوں اور ہفتوں کے دوران تیاریوں کے عمل کو مزید تیز کردیا ہے ۔
اہم سہولیات اور مقامات میں مین پریس سنٹر، انٹرنیشنل براڈکاسٹ سنٹر اور اولمپک ولیج شامل ہیں جس میں 14,000 سے زیادہ رہائشیوں کی جگہ بنائی جائے گی جن میں اتھلیٹس، کوچز، معاون عملہ اور اہلکار رہیں گےجبکہ دیگر مقامات کو بھی پایہ تکمیل تک پہنچایا جا رہا ہے۔