پی سی بی نے دو سال کیلئے ہوم کرکٹ سیریز کے نشریاتی حقوق اے آر وائی اور ٹاور سپورٹس کنسورشیم کو دے دیئے
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اے آر وائی اور ٹاور سپورٹس کے کنسورشیم کو پاکستان ریجن کے لئے اگست 2024 ء سے دسمبر 2026 ء تک تمام ہوم انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کے نشریاتی حقوق دے دیئے ہیں۔ یہ نشریاتی حقوق شفاف ٹینڈر کے عمل کے بعد دیئے گئے ہیں۔
یہ نشریاتی حقوق پچھلے دو سال کے مقابلے میں دوگنی قیمت پر دیئے گئے ہیں۔پاکستان ان 28 ماہ کے دوران مجموعی طور پر 11 ٹیسٹ 26 ون ڈے اور 24 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کی میزبانی کرے گا جن میں 25-2024ء سیزن کے 7 ٹیسٹ میچز بھی شامل ہیں۔ موجودہ اور اگلے سیزن میں 2 سہ فریقی ون ڈے سیریز بھی شامل ہیں۔
اے آر وائی کمیونیکیشنز کے بانی اور سی ای او سلمان اقبال نے کہا کہ یہ ہمارا عزم ہے کہ کھیلوں کے بہترین ایونٹس کو چاہیے کہ وہ مقامی ہوں یا بین الاقوامی انہیں آپ کی سکرین پر لایا جانا چاہیے ، لہذا اب اے سپورٹس پر شائقین کو انتہائی دلچسپ کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ ہم اس بارے میں مثبت سوچ رکھتے ہیں کہ اس سے ہمارے ملک میں کھیلوں کی ترقی میں اضافہ ہوگا۔
سی ای او ہم نیٹ ورک دورید قریشی نے کہا کہ ہم پی سی بی کے ساتھ براڈکاسٹ پارٹنر بننے پر پرجوش ہیں۔ آئندہ بین الاقوامی میچز کا کیلنڈر بہت پرجوش ہے اور پاکستانی شائقین کو ایکشن سے بھرپور اگلے دو برسوں کے دوران کرکٹ کے زبردست مقابلے دیکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔
یہ کرکٹ کے شائقین کے لیے بڑی خوشخبری ہے اور یہ بہت سے ممالک کے میزبان کے طور پر پاکستان کے مثبت امیج کو بھی کرکٹ کمیونٹی میں اجاگر کرتی ہے۔سلمان نصیر پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر نے کہا کہ اے آر وائی اور ٹاور سپورٹس کے کنسورشیم کو پاکستان ریجن کے نشریاتی حقوق کا دیا جانا پاکستانی شائقین کے لئے خوشی کی بات ہے ،
ہم اگلے دو برسوں میں دنیا کی ٹاپ کرکٹ ٹیموں کی میزبانی کرنے والے ہیں۔ ہم اے آر وائی اور ٹاور سپورٹس دونوں کے ساتھ اپنی شراکت کو سراہتے ہیں اور ان کے تعاون کے لیے ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
دریں اثناء پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز کے کمنٹری پینل کا بھی اعلان کر دیا ہے۔پہلا ٹیسٹ 21 سے 25 اگست تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ کراچی میں 30 اگست سے 3 ستمبر تک ہوگا۔کمنٹری پینل میں عامر سہیل ، اطہرعلی خان، بازید خان ، نک کامپٹن اور عروج ممتاز شامل ہیں جبکہ سکندر بخت پریزینٹر ہوں گے۔