بھارتی حکومت کی ساف کپ میں پاکستان کی میزبانی کیلئے کلیئرنس
پاکستان انڈیا میں ساف کپ میں شرکت کیلئے فیصلہ بعد میں کرے گا
اسلام آباد(شوریٰ نیوز)بھارتی حکومت کی ساف کپ میں پاکستان کی میزبانی کیلئے کلیئرنس ، پاکستان انڈیا میں ساف کپ میں شرکت کیلئے فیصلہ بعد میں کرے گا آل انڈیا فٹبال فیڈریشن نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کو آگاہ کردیا ہے کہ بھارتی حکومت کی تمام متعلقہ وزارتوں نے پاکستان فٹبال ٹیم کی بنگلور آمد کی کلیئرنس دیدی ہے۔ آل انڈیا فٹبال فیڈریشن کی جانب سے پی ایف ایف کو باضابطہ دعوت نامے کے ساتھ انڈین اسپورٹس، داخلہ اور خارجہ کی وزارتوں سے کلیئرنس کے خطوط بھی بھجوائے گئے ہیں۔ اے آئی ایف ایف نے یہ دستاویزات اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن اور پھر پی ایف ایف کی درخواست پر ماریشیز میں انڈین ہائی کمیشن کو بھی بھیج دی ہیں۔ پاکستان فٹبال ٹیم 4 ملکی ٹورنامنٹ کے لیے کل ماریشیز روانہ ہوگی اور وہیں سے وہ انڈین ویزا اپلائی کردے گی۔تاہم انڈیا کی فلائٹ پر سوار ہونے سے قبل پاکستان فٹبال ٹیم کو پاکستانی حکومت کی کلیئرنس بھی درکار ہوگی۔ پاکستان کی وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ نے ماریشیز میں ہونے والے چار ملکی ٹورنامنٹ میں شرکت کی اجازت تو دے دی ہے تاہم انڈیا میں ساف کپ میں شرکت پر فیصلہ بعد میں ہوگا۔