کیوی فاسٹ بولر ٹِم ساؤتھی کا 16 سالہ ٹیسٹ کیریئر جیت کیساتھ اختتام پذیر
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر ٹِم ساؤتھی کا ٹیسٹ کیریئر انگلینڈ کے خلاف سیریز کے خاتمے کے ساتھ ہی اختتام کو پہنچ گیا۔
منگل کو نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں 423 رنز سے شکست دی جبکہ مہمان ٹیم انگلینڈ نے سیریز 1-2 سے اپنے نام کی۔
انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں جیت کے بعد نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹِم ساؤتھی کا ٹیسٹ کیریئر بھی اختتام کو پہنچ گیا۔
ٹِم ساؤتھی نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کو اپنی آخری سیریز قرار دیا تھا۔اُنہوں نے آخری ٹیسٹ میں 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ٹم ساؤتھی نے 2008 میں انگلینڈ کے خلاف ہی اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا، اُنہوں نے 107 ٹیسٹ میچز میں ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے 391 وکٹیں حاصل کیں۔
16 سالہ کیریئر میں ایک میچ میں اُن کی بہترین بولنگ 108رنز دے کر 10وکٹیں رہیں جبکہ اننگز میں 64 رنز کے عوض 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ٹِم ساؤتھی نے ٹیسٹ کرکٹ میں 2245 رنز بھی اسکور کیے اور 98 چھکے بھی مارے۔
اس کے علاوہ ٹِم ساؤتھی نے 161 ون ڈے اور 123 ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھی ملک کی نمائندگی کی ہے ۔