آئی فون میں سگنل نہ ہونے پر ’سیٹلائٹ روڈ سائیڈ اسسٹنس‘ فیچر متعارف
ایپل کمپنی نے اپنے نئے ڈیوائسس کی سالانہ پریس کانفرنس میں نت نئے آلات اور ڈیوائسس کے علاوہ نئی ٹیکنالوجی کا اعلان بھی کیا ہے
آئی فون 14 اسمارٹ فون اور واچ میں سیل فون ٹاور کے سگنل نہ ہونے کی صورت میں ’ایمرجنسی ایس اوایس‘ اور ’فائنڈ مائی ویا سیٹلائٹ‘ کے فیچر پیش کئے گئے تھے جو اب 14 ممالک میں دستیاب ہیں۔
فی الحال صرف امریکہ کے لیے ’روڈسائیڈ اسسٹنس ویا سیٹلائٹ‘ پیش کی گئی ہے جس میں کہیں پھنس جانے، چارج اور ایندھن ختم ہونے یا گاڑی کا ٹائر خراب ہونے جیسی صورتحال کو اس وقت دیکھا جاتا ہے جب اطراف میں فون کے سگنل بھی نہیں آرہے ہوں۔
اس کے تحت فون سیٹلائٹ سے رابطہ کرتا ہے، اور روڈ کے اطراف مدد فراہم کرنے والے اداروں سے رابطہ کرتا ہے۔ یہ پیغام براہِ راست مدد کرنے والی سروس کو پہنچتا ہے، جس میں مدد یا آلات کی ضرورت اور آپ کی جی پی ایس لوکیشن بھی شامل ہوتی ہے۔
اس میں گلوبل اسٹار سیٹلائٹ سے رابطہ ہوتا ہے ، جس میں سیٹلائٹ گراؤنڈ اسٹیشن بھی شامل ہوتے ہیں۔ صارفین کو یہ سہولت دینے کے لیے ایپل نے کروڑوں ڈالر خرچ کئے ہیں۔