ایپل پر مسابقتی قوانین کی خلاف ورزی پر یورپ میں 2 ارب ڈالرز کا جرمانہ عائد

0 261

یورپی یونین کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایپل پر یہ جرمانہ مسابقتی قوانین کی خلاف ورزی پر عائد کیا جا رہا ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ ایپل کی جانب سے ایپ اسٹور میں میوزک اسٹریمنگ ایپس کی مارکیٹ میں اپنی بالادست پوزیشن کا فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔

کمپنی کی جانب سے ڈویلپرز کو روکا جاتا ہے جس کے باعث وہ صارفین کو ایپل کے سسٹم سے باہر موجود سستی اور متبادل میوزک سروسز سے آگاہ نہیں کر پاتے۔

کمپنی کا طریقہ کار یورپی یونین کے مسابقتی قوانین کے تحت غیر قانونی ہے اور اسی لیے کمپنی پر ایک ارب 80 کروڑ یورو کا جرمانہ عائد کیا جا رہا ہے،یہ پہلی بار ہے جب ایپل پر اتنا زیادہ جرمانہ عائد کیا جا رہا ہے۔

یورپی یونین نے کہا کہ جرمانے کی رقم سے کمپنی کی جانب سے کی جانے والی قانون کی خلاف ورزی کی سنگینی ظاہر ہوتی ہے جبکہ ایپل کی آمدنی اور مارکیٹ ویلیو کو مدنظر رکھ کر یہ سزا سنائی گئی۔

دوسری جانب ایپل نے کہا ہے کہ یورپی کمیشن ایسے شواہد سامنے نہیں لاسکا جس سے صارفین کو ہونے والا نقصان ثابت ہوتا ہو جبکہ فیصلے میں یہ حقیقت بھی نظرانداز کر دی گئی ہے کہ اس فیصلے سے صرف ایک میوزک اسٹریمنگ سروس کو فائدہ ہوگا۔

یورپی یونین کی جانب سے اس معاملے کی تحقیقات 2020 سے کی جا رہی تھی،یہ تحقیقات ایک اسٹریمنگ کمپنی کی جانب سے ایپل کے خلاف دائر کی گئی درخواست پر شروع کی گئی تھی۔

ایپل کی جانب سے ایپ اسٹور میں سبسکرپشن آمدنی کے 30 فیصد حصے کا حصول نا انصافی ہے،یورپی یونین کا فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب ایپل کی جانب سے نئے ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے یورپ میں ایپ اسٹور کے اصولوں میں تبدیلی کی جا رہی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.