وہ ایپ جس نے مقبولیت میں پہلی بار ٹک ٹاک کو پیچھے چھوڑ دیا

0 230

تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے میٹا، اسنیپ چیٹ یا یوٹیوب سب ٹک ٹاک کو ایک خطرے کے طور پر دیکھتے ہیں اور اس کے مقابلے کے لیے خود کو بھی ویسا ہی بنارہے ہیں۔

اب ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میٹا کی حد تک یہ حکمت عملی کارآمد ثابت ہو رہی ہے،یہی وجہ ہے کہ کئی سال بعد پہلی بار انسٹا گرام 2023 میں دنیا بھر میں سب سے مقبول ایپ ثابت ہوئی جس نے ٹک ٹاک کو پیچھے چھوڑ دیا۔

موبائل ایپس کی تجزیہ کار کمپنی سنسر ٹاور کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ٹک ٹاک کی نقل پر مبنی فیچر ریلز نے انسٹا گرام کو چینی ایپ کے مقابلے پر کھڑے ہونے میں مدد فراہم کی ہے۔

ٹک ٹاک سے مقابلے میں پیچھے کیوں رہ گئے؟ مارک زکربرگ نے وجہ بتادی،اس سے قبل 2018 سے 2022 تک ٹک ٹاک دنیا بھر میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی ایپ رہی تھی۔

مگر 2023 میں انسٹا گرام نے یہ اعزاز اپنے نام کیا جسے 76 کروڑ 70 لاکھ بار ڈاؤن لوڈ کیا گیا،اس کے مقابلے میں ٹک ٹاک کو 73 کروڑ 30 لاکھ بار ڈاؤن لوڈ کیا گیا۔

سنسر ٹاور کی رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک کے مقابلے میں انسٹا گرام کی یہ کامیابی ممکنہ طور پر ریلز فیچر کی مقبولیت کا نتیجہ ہے،انسٹا گرام نے 2020 میں ٹک ٹاک جیسی ویڈیوز کے فیچر کو اپنی ایپ کا حصہ بنایا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ انسٹا گرام کے ڈیڑھ ارب کے قریب ماہانہ صارفین ہیں جبکہ ٹک ٹاک استعمال کرنے والوں کی تعداد ایک ارب 10 کروڑ سے زائد ہے۔

البتہ ٹک ٹاک کے صارفین زیادہ متحرک ہیں جو اوسطاً روزانہ 95 منٹ اس ایپ پر گزارتے ہیں، اس کے مقابلے میں انسٹا گرام میں صارفین کا اوسط دورانیہ 62 منٹ ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.