انٹرنیٹ پر زیادہ وقت گزارنے کے اثرات
برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کی اس تحقیق میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر وقت گزارنے سے شخصیت پر مرتب اثرات کی جانچ پڑتال کی گئی۔
2006 سے 2021 کے دوران محققین کی جانب سے 168 ممالک سے تعلق رکھنے والے 24 لاکھ افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔
تحقیق کے دوران ہزاروں شماریاتی ماڈلز کو استعمال کیا گیا تاکہ وہ انٹرنیٹ کے استعمال سے کسی فرد کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں جیسے تعلیم، صحت، پیاروں سے تعلقات اور دیگر پر مرتب اثرات کو جان سکیں۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ انٹرنیٹ تک رسائی اور استعمال سے شخصیت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
تحقیق میں اس کی وجہ تو ثابت نہیں کی گئی مگر نتائج سے معلوم ہوا کہ انٹرنیٹ تک رسائی رکھنے والے افراد میں زندگی کے حوالے سے اطمینان دیگر کے مقابلے میں 8.5 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔
یہ پہلی بار ہے جب انٹرنیٹ کی رسائی سے شخصیت پر مرتب اثرات کی جانچ پڑتال عالمی سطح پر کی گئی، ویسے تو نوجوانوں کے لیے سوشل میڈیا کا زیادہ استعمال نقصان دہ قرار دیا جاتا ہے مگر اس حوالے سے ٹھوس شواہد موجود نہیں۔
محققین کے مطابق اگر ہم نوجوانوں کے لیے آن لائن دنیا کو محفوظ بنائیں تو پھر اس حوالے سے بحث ختم ہو جائے گی کہ بچوں کو آن لائن سرگرمیوں سے دور رکھنا چاہیے۔