نظامِ مرجعیت افواہوں اور سازشوں سے بلند تر ہے، شیخ ناصری
نمائندہ آیت اللہ العظمٰی شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ) و سربراہ شوریٰ علمائے جعفریہ پاکستان علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہے کہ نظام مرجعیت افواہوں اور سازشوں سے بلند تر ہے یہ نظام ایک ایسا عظیم، راسخ، مضبوط اور روحانی نظام ہے جو علم، تقویٰ، اخلاص، اور امت کی بھلائی کی بنیاد پر قائم ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ مختلف ادوار میں مرجعیت کو کمزور کرنے کی سازشیں کی گئیں، افواہیں پھیلائی گئیں، لیکن یہ نظام ہمیشہ اپنی معنویت اور عظمت کے ساتھ قائم رہا۔الزام تراشیاں اور جارحانہ رویے مرجعیت کی بنیادوں کو ہلا نہیں سکتے۔
علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے واضح کیا کہ مرجعیت کی طاقت اس کے علمی اجتہاد، فقہی بصیرت، اور مؤمنین کے اعتماد و محبت سے آتی ہے، اور یہ کوئی جز وقتی یا عارضی تحریک نہیں بلکہ ایک رسالی مشن ہے جس کی جڑیں صدیوں کی دینی مشقت اور قربانیوں میں پیوست ہیں۔
علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ جو لوگ میڈیا یا خفیہ سازشوں کے ذریعے اس نظام کو کمزور کرنے کی سرتوڑ کوششوں میں لگے ہوئے ہیں وہ دراصل اپنی اخلاقی شکست اور باطنی کھوکھلا پن کو ظاہر کر رہے ہیں، کیونکہ مرجعیت ایک ایسی حقیقت ہے جو کسی جز وقتی شور سے دبنے والی نہیں۔ آخر میں شیخ ہادی حسین ناصری نے مؤمنین سے اپیل کی کہ وہ اپنی بصیرت کو بیدار رکھیں، مرجعیت کے ساتھ اپنے ربط کو مزید مضبوط بنائیں، اور دینِ حق کے اس عظیم قافلے کا حصہ بن کر رسالی مشن کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہوں۔