اسلام آباد(شوریٰ نیوز) چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین ثابت قدمی سے پاکستان کےساتھ کھڑا رہے گا، چینی صدر
چین پاک اقتصادی راہداری دوستی کا جیتا جاگتا ثبوت بن چکی ہے بین الاقوامی صورتحال میں کتنی ہی تبدیلیاں رونماکیوں نہ ہوں۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی دہائی پر اپنے مبارکبادی تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ چین پاک اقتصادی راہداری بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹیو کا اہم اولین منصوبہ ہے، 2013 میں اس کے افتتاح سے اب تک دونوں ممالک مشترکہ مشاورت، مشترکہ تعمیر اور مشترکہ شیئرنگ کے اصولوں کے مطابق سی پیک منصوبوں کی تعمیر کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ اس حوالے سے متعدد ابتدائی ثمرات حاصل کئے گئے ہیں جن کی بدولت نہ صرف پاکستان کی اقتصادی و سماجی ترقی کو نئی قوت محرکہ ملی ہے بلکہ خطے میں باہمی رابطے اور انضمام کے عمل کے لئے بھی اچھی بنیاد ڈالی گئی ہےاپنے پیغام میں جسے چین کے نائب وزیر اعظم ہی لی فنگ نے سی پیک کی دہائی کی یاد میں منعقدہ تقریب میں پڑھ کر سنایا۔ صدر شی جن پنگ نے کہا کہ یہ راہداری دونوں ممالک کے درمیان نئے دور میں قریب تر چین پاک ہم نصیب معاشرہ تشکیل دینے میں اہم حمایت بھی فراہم کر رہی ہے۔ مستقبل میں چین پاکستان کے ساتھ مل کر اعلیٰ معیاری، پائیداراور عوام دوست اہداف پر قائم رہتے ہوئے منصوبہ بندی اور انتظامات کو بہتر بنانے اور تعاون کو توسیع دینے کا خواہاں ہے تاکہ سی پیک کو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹیو کے اعلیٰ معیارکے ساتھ مشترکہ تعمیر کے شعبے میں ایک مثالی منصوبہ بنایا جائے۔