گلشن معمار کے مکینو ں کے مسائل حل کیے جائیں ،حافظ نعیم الرحمن

وہاں کے لوگوں میں شدید رد عمل اور بے چینی و اضطراب پیدا ہو گیا ہے

0 109

کراچی (شوریٰ نیوز) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے گلشن معمار کے مکینوں کے ایک نمائندہ وفد نے ادارہ نور حق میں ملاقات کی اور گلشن معمار میں رہائش پذیر ہزاروں مکینوں کو سڑکوں کی تباہ حالی ، پینے کے پانی کی عدم فراہمی ، صفائی ستھرائی ، سیوریج کے مسائل اور سیکوریٹی کی ناقص صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ علاقے کی اس ابتر حالت کے باوجود گلشن معمار کی انتظامیہ نے مینٹینس چارجز میں 35فیصد اضافہ کردیا ہے جس کے باعث وہاں کے لوگوں میں شدید رد عمل اور بے چینی و اضطراب پیدا ہو گیا ہے اور انتظامیہ مسائل کو حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہی ۔ اس حوالے سے معمار کے مکین ہفتہ 12اگست کو معمار ہیڈ آفس پر احتجاجی مظاہرہ کریں گے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے گلشن معمار کے مکینوں کے مسائل اور انتظامیہ کے رویے و غیر سنجیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ گلشن معمار کے مکینوں کے مسائل حل کیے جائیں اور اس سلسلے میں انتظامیہ اپنی ذمہ داری پوری کرے ۔ سہولیات نہ ہونے کے باوجود مینٹینس چارجز میں اضافے کا فیصلہ واپس لیا جائے ، جماعت اسلامی معمار کے عوام کے ساتھ ہے ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی ۔ احتجاج عوام کا بنیادی آئینی و قانونی اور جمہوری حق ہے ، مسائل کے حل اور جائز حق کے لیے جمہوری و قانونی جدو جہد کی جائے ، عوام کو منظم اور متحد کیا جائے ،احتجاج بھی کیا جائے اور عدالت سے بھی رجوع کیا جائے ۔معمار کے مکینوں کے وفد نے صدر پبلک ایڈ کمیٹی ابو الضیاء پرویز کی قیادت میں ملاقات کی ۔ وفد میں ناظم علاقہ گلشن معمار ابو الخیر، یوسی 12کے کونسلرز نعمان مقصود ، عاطف علی ، عامر نعیم ، تنظیم الفلاح کے جنرل سیکریٹری ممتاز حسن ، ضرار علی مراد اور دیگر رہائشی شامل تھے ، ملاقات میں جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی کے سیکریٹری جنرل نجیب ایوبی اور سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.