چین میں ریکارڈ توڑ بارشیں ،ہلاکتیں 78 ہوگئیں
بیجنگ(شوریٰ نیوز)چین میں ریکارڈ توڑ بارشیں ،ہلاکتیں 78 ہوگئیں، چین کے شمالی صوبوں میں سمندی طوفان ڈوکسوری کے نتیجے میں ہونے والی بارشوں میں 2 اگست کو 140 سالہ ریکارڈ ٹوٹ چکا ہے اور اب بھی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور سیلابی ریلے نے اپنے راستے میں آنے والی ہر شے کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔ درجنوں افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔ہلاکتوں کی تعداد 78 ہوگئی جن میں سے 29 افراد صرف ایک صوبے ہیبئی میں ہلاک ہوئے جب کہ 16 افراد تاحال لاپتا ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔ امدادی کاموں کے دوران کئی دن پرانی لاشیں مل رہی ہیں۔ صوبے ہیبئی میں تقریباً 40 لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہوئے اور 40 ہزار 900 مکانات منہدم ہو گئے۔ چینی حکومت نے رہائشیوں کو معاوضہ دینے کے لیے ایک ارب یوآن کا بجٹ مختص کیا ہے۔ اس فنڈ سے فصلوں، جانوروں، پولٹری فارموں، مکانات اور زرعی مشینری کو پہنچنے والے نقصان کی ادائیگی کی جائے گی۔چین کے محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مزید بارشوں ، سیلاب اور طوفان کی پیشن گوئی کی ہے۔