روس کی جانب سے یوکرین پر داغے گئے شمالی کوریا کے میزائل سے امریکی ساختہ پرزے ملے: یوکرینی صدر

0 106

یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے انکشاف کیا ہے کہ روس نے گزشتہ روز یوکرینی دارالحکومت کیف پر جو میزائل داغا وہ شمالی کوریا کا تھا اور اس میں درجنوں پرزے امریکی کمپنیوں کے تیار کردہ تھے۔

صدر زیلنسکی نے جمعے کے روز سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ میزائل جس نے کیف میں شہریوں کو قتل کیا، اس میں کم از کم 116 پرزے بیرونی ممالک سے حاصل کیے گئے تھے اور بدقسمتی سے ان میں سے بیشتر امریکی کمپنیوں کے بنائے ہوئے تھے۔

صدر زیلنسکی کے مطابق 24 اپریل کو روس کے حملے میں کیف میں 12 افراد جاں بحق اور تقریباً 90 زخمی ہوئے، جن میں سے کئی کی حالت نازک ہے۔

انہوں نے کہا کہ میزائل حملے کے بعد سے جاری ریسکیو آپریشن آج مکمل ہوا ہے، 30 سے زائد افراد اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے اور کچھ کے اعضا کاٹنے پڑے ہیں۔

ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ حملے میں استعمال ہونے والے میزائل کی مکمل تحقیقات جاری ہیں، تاہم ابتدائی شواہد سے یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ یہ بیلسٹک میزائل شمالی کوریا کا تھا۔

یوکرینی صدر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ روس اور شمالی کوریا کے درمیان عسکری تعاون کو روکنے کے لیے فوری اور سخت اقدامات کیے جائیں۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.