ضاحیہ پر صہیونی حملہ، لبنانی وزارت خارجہ اور حزب اللہ کا سخت ردعمل

0 102

لبنانی پارلیمنٹ میں مقاومتی بلاک کے نمائندے ابراہیم الموسوی نے بیروت کے علاقے ضاحیہ پر صہیونی حکومت کے جارحانہ حملوں پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ابراہیم الموسوی نے کہا ہے کہ اسرائیل نے لبنان پر حملہ کرکے اس کی خودمختاری کو پامال کیا ہے۔ لبنانی حکومت کو چاہیے کہ وہ ان حملوں کی روک تھام کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں باضابطہ مقدمہ درج کرائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مزاحمت کا اسلحہ لبنان کی طاقت کا ایک اہم ستون ہے جس پر کسی بھی طور پر مذاکرات یا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

دوسری جانب لبنان کی وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان جاری کرتے ہوئے ضاحیہ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزارت خارجہ کے مطابق یہ حملے نہ صرف لبنان کی خودمختاری بلکہ علاقائی امن و سلامتی اور لبنان کی استحکام کی کوششوں کو بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

لبنانی وزارت خارجہ نے فائر بندی کے ضامن ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر حملے روکنے کے لیے دباؤ ڈالیں۔ اس سے قبل لبنانی صدر جوزف عون نے بھی صہیونی حملوں پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان کی سخت الفاظ میں مذمت کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے ضامن امریکہ اور فرانس کو اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے اسرائیل کو فوری طور پر حملے روکنے پر مجبور کرنا چاہیے۔ عون نے خبردار کیا کہ اسرائیل کی اشتعال انگیزی سے خطے کی سیکورٹی اور امن کو حقیقی خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.