قبل از حج آپریشن کے لئے لاہور سے پہلی حج پرواز پی کے 747 رات 10 بجکر تیس منٹ پر 329 عازمین حج کو لے کر مدینہ روانہ ہوگئی۔
عازمین حج کو پی آئی اے کے چیف انفارمیشن ٹیکنالوجی آفیسر سید ثقلین گردیزی، ڈسٹرکٹ منیجر ظہیر الدین اور سٹیشن منیجر اشفاق اعوان نے رخصت کیا اور عازمین کو پھول پیش کئے، لاہور سے 11 ہزار 350 عازمین کو 48 خصوصی پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔
پہلے مرحلے میں عازمین کرام کی خصوصی پروازیں پاکستان سے مدینہ کے لئے روانہ ہوں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں جدہ جائیں گی، پی آئی اے سے تقریبا 35200 سرکاری عازمین حج کو 117 سے زائد خصوصی پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچایا چائے گا۔
پی ائی اے پاکستان کے 5 بڑے شہروں اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتان اور کوئٹہ سے براہ راست حج پروازیں آپریٹ کرے گی، پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 31 مئی تک جاری رہے گا جبکہ بعد از حج آپریشن کا آغاز 10 جون سے ہو گا اور 10 جولائی کو اختتام پذیر ہو گا۔