اطلاعات ہیں کہ بھارت ایل او سی کے اطراف کسی بھی جگہ حملہ کر سکتا ہے، خواجہ آصف

0 4

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اطلاعات ہیں کہ بھارت لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اطراف کسی بھی جگہ حملہ کر سکتا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کو ان شاءاللہ منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف پہلے کہہ چکے ہیں کہ بین الاقوامی کمیشن بن جائے جو پہلگام واقعے کی تحقیقات کرے، تحقیقات سے پتا چل جائے گا کہ بھارت خود ملوث ہے یا وہاں کا کوئی گروپ، یہ بھی واضح ہو جائے گا کہ جو پاکستان پر الزام لگ رہا ہے اس میں کیا صداقت ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اس چیز کا فیصلہ ہو جانا چاہیے کہ نریندر مودی جھوٹ بول رہا ہے یا سچ بول رہا ہے، اس کے بعد اس کو کہیں کہ نریندر مودی تم جھوٹے ہو، ساری دنیا کا امن تباہ کر رہے ہو، مودی سے کہیں کہ تم نے بر صغیر کو ایٹمی جنگ کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔

وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ مودی صرف اپنا ووٹ بنانے کے لیے ڈرامہ کر رہا ہے، بھارت خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے، خیبر پختونخوا میں بھارتی دہشت گردی کے ثبوت ہم نے 2016 اور 2017 میں اقوام متحدہ میں دیے تھے، ان ثبوتوں میں ویڈیوز موجود ہیں کہ بھارت کیسے لوگوں کو پیسے دے کر دہشت گردی کرواتا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ آج بھی ہمارے ساتھ جو ہو رہا ہے وہ افغانستان کی سرزمین سے ہو رہا ہے، بلوچستان ہو یا خیبرپختونخوا، وہاں دہشت گردی افغانستان سے ہوتی ہے، پیچھے بھارت ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.