پہلگام واقعے پر بھارتی الزامات اور بھارتی آبی جارحیت کیخلاف قومی اسمبلی میں مذمتی قرارداد منظور

0 3

قومی اسمبلی نے پہلگام واقعے پر بھارتی الزامات اور بھارتی آبی جارحیت کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طورپر منظور کرلی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا جس میں مسلم لیگ ن کے طارق فضل چوہدری نے قرار داد پیش کی۔

قرار داد میں کہا گيا کہ ایوان پاکستان کے خلاف بھارتی اوچھے ہتھکنڈوں کی مذمت کرتا ہے، بھارت سندھ طاس معاہدےکے خاتمےکا اعلان نہیں کرسکتا۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نےکہا کہ دہشت گردی کو پاکستان سے بہتر کون جانتا ہے، پاکستان نے آزادانہ تحقیقات کی آفر کی ہے، تمام سیاسی جماعتوں نے یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے۔

اپوزیشن لیڈر عمرایوب نےکہا کہ پہلگام واقعےکا پاکستان سےکوئی لینا دینا نہیں ہے، شہباز شریف کی تحقیقات میں تعاون کی پیشکش سے دکھ ہوا جب ہمارا واقعے سے کوئی تعلق ہی نہیں تو تحقیقات کا حصہ کیوں بنیں؟

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کو ایک مضبوط قیادت کی ضرورت ہے ، بھارت کسی بھی وقت حملہ کرسکتا ہے، کمزور قیادت مقابلہ نہیں کر سکتی۔

مولانا فضل الرحمان نے نکتہ اعتراض پر قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئےکہا کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں سنجیدگی نظر نہیں آرہی، حکومتی بنچوں پر نشستیں خالی ہیں، حکومت کو چاہیے تھا کہ ایوان کو سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دیتے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ میں بڑے جوش سے پارلیمنٹ آیا تھا، ایسے حالات ہیں اور ایوان میں کوئی سنجیدگی نظر نہیں آئی۔ یہ کہتے ہوئے مولانا فضل الرحمان قومی اسمبلی کے اجلاس سے واک آؤٹ کرگئے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.