بھارت نے دریائے چناب میں اچانک پانی چھوڑ دیا

0 5

بھارت کی جانب سے 24 گھنٹے پانی بند رکھنے کے بعد دریائے چناب میں اچانک پانی چھوڑ دیا گیا۔

ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، چند گھنٹے قبل خشک نظر آنے والا دریا اب 28 ہزار کیوسک تک بھر چکا ہے۔

محکمہ آبپاشی کے مطابق بھارت کی جانب سے پانی کا یہ اچانک اخراج خطرناک صورتحال پیدا کر سکتا ہے اور آج رات پانی کی سطح مزید بلند ہونے کا خدشہ ہے، مقامی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ماہرین کے مطابق اس طرح کا غیر متوقع اقدام نہ صرف سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے بلکہ پاکستان کیلئے سیلابی خطرات بھی بڑھا دیتا ہے۔

دوسری جانب ارسا نے بھی دریائے چناب کی صورت حال پر کڑی نظر رکھنے اور پانی کی آمد و اخراج کے ڈیٹا کو مسلسل مانیٹر کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ممکنہ خطرات سے بروقت نمٹا جا سکے۔

علاوہ ازیں بھارت کی جانب سے چناب میں پانی روکنے اور چھوڑنے کا کھیل مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھی مہنگا پڑ گیا۔

بھارت نے الرٹ جاری کیا کہ اکھنور کے عوام دریائے چناب کے قریبی علاقے خالی کر دیں کیونکہ پانی ایک بار پھر تیز ہو سکتا ہے، اس سے پہلے دریائے چناب کا پانی کم ہونے کی وجہ سے اکھنور میں مقامی لوگ پیدل دریا عبور کرتے دکھائی دیئے تھے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.