وزیراعظم شہباز شریف نے دو ٹوک پیغام دیا ہے کہ بھارت نے گزشتہ رات جو فاش غلطی کی، اس کا خمیازہ بھارت کو ضرور بھگتنا ہوگا، شہیدوں کے خون کے ہر قطرے کا ضرور حساب لیا جائے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ رات دنیا نے دیکھا کہ کئی گنا بڑے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے میں چند گھنٹے لگے، جو طیارے بھارت کا غرور تھے اب راکھ اور نشان عبرت بن چکے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے شاہینوں نے دشمن پر کاری ضربیں لگائیں ،یہ ہمارا دندان شکن جواب تھا جس میں اسکوارڈن لیڈر ایم ایم عالم کی گرج تھی۔
شہیدوں کے خون کے ہر قطرے کا ضرور حساب لیا جائے گا: وزیر اعظم
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے جو حرکت کی اس کا خمیازہ ضرور بھگتنا ہوگا، عہد کرتے ہیں شہیدوں کے خون کے ہر قطرے کا ضرور حساب لیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ثابت کردیا کہ پاکستان دفاع میں منہ توڑ جواب دینا جانتا ہے ، پاکستانی پائلٹس نے اعلیٰ ترین پیشہ وارانہ مہارت اور شجاعت سے دشمن کے جہازوں کے پرخچے اڑادیے، پاکستان نے دشمن پر اپنی برتری ایک بار پھر ثابت کردی ہے ،تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور ہر سپاہی کو سلام پیش کرتا ہوں۔ 24کروڑ پاکستانیوں کو اپنی افواج پر فخر اور ناز ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے قوم سے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیش کش کی تھی ، بھارت نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جارحیت کی ،مسئلہ کشمیر ایک تنازع ہے اور تب تک رہے گا جب تک کشمیریوں کو آزادانہ حق رائے دہی نہیں مل جاتا۔
دہشتگردی کیخلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے: وزیراعظم
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار قیمتی جانیں دیں، بھارت کی خام خیالی ہے کہ اس کی مہم جوئی دہشتگردی کی جنگ سے ہماری توجہ ہٹاسکے گی، ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفر آباد اور باغ کے علاوہ مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس میں دو مساجد شہید ہوئیں جبکہ حملوں میں دو بچوں سمیت 31 پاکستانی شہید اور 51 زخمی ہوئے۔
بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں پاکستان پر بزدلانہ حملے کے بعد پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔ پاکستان پر حملہ کرنے والے 3 رافیل، ایک مگ ٹوئنٹی نائن، ایک ایس یو تھرٹی طیارے اور ایک کومبیٹ ڈرون کو مار گرایا۔