بھارتی تجزیہ کار اور صحافی بھی مودی سرکار کی انتہا پسند اور ناکام پالیسیوں پر کھل کر تنقید کرنے لگے۔
رپورٹ کے مطابق حال ہی میں کرن تھاپر نے تجزیہ کار اجے ثانی کا بھارتی چینل دی وائر پر ایک انٹرویو جاری کیا، انٹرویو میں بھارتی حکومت کی نااہلی اور بھارتی میڈیا کے جھوٹ سے پردہ فاش کیا گیا۔
کرن تھاپر نے سوال کیا کہ بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ پاکستانی ایئر فورس 20 فیصد تباہ ہو چکی ہے، اجے ثانی نے جواب دیا کہ بھارتی میڈیا صرف مبالغہ آرائی کر رہی ہے تا کہ جھوٹ کی تشہیر کی جا سکے، بھارتی حکومت کی فوجی حکمت عملی شدید ناکامی کا شکار ہو چکی ہے۔
اجے ثانی نے مزید کہا کہ آپریشن سندور محض سیاسی شو تھا جس سے بھارتی ناکامیوں کا کھل کر انکشاف ہوا، پاکستانی دفاعی صلاحیت کو کم سمجھنا بھارت کے لیے مہنگا ثابت ہوا، بھارتی میڈیا پر عوام کو گمراہ کرنے والی رپورٹس چلائی گئیں، جنگی حکمت عملی کی سمجھ بوجھ کی کمی بھارتی حکومت کا سنگین مسئلہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف بھارت کی ناکافی حملہ آور حکمت عملی سے بھارتی عوام مکمل مایوس ہے، حکومت کی ناقص فوجی منصوبہ بندی بھارت کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔
بھارت کے معروف سیاسی تجزیہ کار اور صحافی کرن تھاپر نے مودی کی پالیسیوں پر سخت تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ مودی سرکار عالمی سطح پر اپنی جمہوری ساکھ کھو چکی ہے، مودی کی نااہلی اور جھوٹ کا سچ پوری دنیا نے اپنی آنکھوں سے دیکھا۔