سفارتی مشن کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پارلیمانی وفد نے اقوام متحدہ میں امریکا کی قائم مقام مستقل مندوب ڈورتھی شیا سے ملاقات کی۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مہذب دنیا کے لیے بھارت کا یہ جارحانہ رویہ کافی ہے کہ وہ پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرکے کروڑوں انسانوں کو سزا دینا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بغیر کسی تحقیق کے پاکستان پر الزام تراشی کے بعد حملہ کرنا بذات خود ایک سوالیہ نشان ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی مؤقف کو غلط ثابت کرنے کے لیے کسی ثبوت کی نہیں بلکہ اس مؤقف کو من و عن بیان کردینا کافی ہے۔اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری نے چین، روس، ڈنمارک، یونان، پاناما، صومالیہ، الجزائر، گیانا، جنوبی کوریا، سیرا لیون اور سلووینیا کے سامنے بھی پاکستان کا مقدمہ رکھا تھا۔