پاکستان سپر لیگ 10 کی ٹکٹوں کی واپسی پیر سے شروع ہوگی
پاکستان سپر لیگ 10 کے میچوں کے ری شیڈول ہونیوالے ٹکٹوں کی واپسی کا عمل پیر 16 جون سے شروع ہوگا، ملتان اور راولپنڈی کے میچز ری شیڈولنگ کی وجہ سے نہیں ہوسکے تھے۔پی سی بی کے مطابق شائقین کو رقم کی واپسی 16 سے 20 جون تک عمل میں لائی جائے گی، فزیکل ٹکٹوں کی واپسی کی سہولت نامزد ٹی سی ایس ایکسپریس مراکز پر دستیاب ہوگی۔
پی سی بی کے مطابق ٹکٹوں کی واپسی پیر سے جمعہ تک روزانہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک لاہور کے گلبرگ آفس، ملتان کے ایریا آفس، راولپنڈی مین ایکسپریس سینٹر، بہاولپور کے مین ایکسپریس سینٹر ماڈل ٹاؤن، رحیم یار خان کے اسٹیشن آفس اور اسلام آباد کے آئی 9 ایکسپریس سینٹر سے ممکن ہوسکے گی۔رپورٹ کے مطابق نقد رقم کی واپسی کا دعویٰ کرنے کیلئے ٹکٹ ہولڈرز کو خریدار کے قومی شناختی کارڈ کے ساتھ اصل ٹکٹ پیش کرنا ہوں گے جو خراب نہ ہوئے ہوں، جن کی تصدیق ٹی سی ایس عملہ کرے گا۔
رپورٹ کے مطابق آن لائن خریدی گئی ٹکٹوں کی رقم خریداری کے وقت استعمال کیے گئے اکاؤنٹ میں خود بخود واپس کر دی جائے گی اور اس کیلئے خریدار کو ایکسپریس سینٹرز جانے کی ضرورت نہیں ہے۔کارپوریٹ کلائنٹس کیلئے متعلقہ کمپنیوں کو اپنے اکاؤنٹ کی تفصیلات بذریعہ ای میل فراہم کرنی ہوں گی تاکہ ریفنڈز منتقل کیے جائیں۔