آپریشن سندور میں پاکستان کے ہاتھوں بدترین ناکامی اور مودی کی سفارتی نااہلی کے نتیجے میں بھارت عالمی سطح پر تنہا ہو گیا۔دی وائیر کی جانب سے بھارتی سفارتی تنہائی اور پاکستان کے ہاتھوں شکست پر تجزیہ کیا گیا ہے جس میں دی وائیر نے بھارت کی سفارتی ناکامی پر کڑی تنقید کی ہے۔
تجزیے میں کہا گیا ہے کہ مودی کی ’ملٹی الائنس‘ حکمت عملی ناکام رہی ہے اور اس میں کسی ملک نے بھی بھارت کا ساتھ نہیں دیا یہاں تک کہ چین نے بھی آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص میں پاکستان کی کھل کے حمایت کی ہے۔دی وایئر کے مطابق چین نے پاکستان کو فضائی دفاع اور سیٹلائٹ تصاویر فراہم کرنے میں بھرپور مدد فراہم کی، بھارت کے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کے اشارے پر چین نے براہمپترا کا پانی روکنے کا عندیہ بھی دیا۔
تجزیے میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں بھی بھارت کی کوششیں بری طرح ناکام ہوئی ہیں، اقوام متحدہ کی پریس ریلیز میں حملہ آور دہشت گرد گروپ یا پاکستان کا ذکر تک شامل نہیں کیا گیا یہاں تک کہ بھارت کی فوجی برتری کا دعویٰ دنیا کو قائل نہ کر سکا بلکہ میدان میں پاکستان بازی لے گیا۔
دی وایئر کے مطابق ٹرمپ کی مداخلت نے بھارتی میڈیا کی جنگی جنونیت پر مبنی بیانیے کو خاک میں ملا دیا، ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر کو عالمی فورم پر اٹھا کر پاکستان کے مؤقف کو تقویت دی ہے اور ٹرمپ کی مداخلت نے بھارت کی عالمی طاقت بننے کی امیدوں پر بھی پانی پھیر دیا ہے۔
تجزیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹرمپ اور سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے سربراہ جنرل کیوریلا نے پاکستانی قیادت کی کھل کر تعریف کی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو واشنگٹن میں عسکری اور حکمت عملی کی مضبوط شراکت داری کے لیے مدعو کیا گیا، بھارت کی پاکستان کو تنہا کرنے کی کوششیں ناکام ثابت ہوئیں اور سفارتی سطح پر پاکستان کی حمایت بڑھتی جا رہی ہے جن میں امریکا بھی شامل ہے۔