ایران اسرائیل جنگ،یورپی وزرائے خارجہ کا تہران کیساتھ جوہری مذاکرات کا فیصلہ

0 11

ایران اسرائیل جنگ کے معاملہ کو بات چیت سے حل کرنے کی کوشش جاری ہیں، یورپی وزرائے خارجہ کا تہران کیساتھ جوہری مذاکرات کا فیصلہ کر لیا۔خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا کہ یورپی وزرائے خارجہ نے ایران سے جوہری مذاکرات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، مذاکرات کا آغاز جمعہ کو جینوا میں ہو گا، برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے وزرائے خارجہ مذاکرات کریں گے۔

خبر ایجنسی کا مزید کہنا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی مذاکرات میں شریک ہوں گے، مذاکرات کیلئے امریکی رضا مندی شامل ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یورپی وزرائے خارجہ پہلے یورپی یونین کی اعلیٰ سفارتکار کایا کالاس سے جرمنی کے مستقل مشن پر ملاقات کریں گے جس کے بعد ایرانی وزیر خارجہ کے ساتھ مشترکہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔

جرمن سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات امریکا کی ہم آہنگی کے ساتھ ہو رہے ہیں اور ان کا مقصد ایران سے سخت یقین دہانی حاصل کرنا ہے کہ وہ جوہری توانائی کا استعمال صرف پرامن سول مقاصد کے لیے کرے گا، مذاکرات کے بعد ماہرین کی سطح پر "اسٹرکچرڈ ڈائیلاگ” بھی ترتیب دیا گیا ہے۔

ادھر اسرائیل کا مؤقف ہے کہ وہ تہران کی جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت کو ختم کرنا چاہتا ہے جبکہ ایران مسلسل اس بات کی تردید کرتا رہا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام عسکری نوعیت کا ہے۔یورپی سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ایران تعاون پر آمادہ ہو جائے تو خطے میں کشیدگی کم کرنے کا موقع پیدا ہو سکتا ہے ورنہ حالات بگڑنے کا اندیشہ ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.