صدر مملکت نے جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کا سینئر ترین جج ڈکلیئر کر دیا، جسٹس سرفراز ڈوگر اور دیگر 2 ججز کا تبادلہ بھی مستقل قرار دے دیا۔ججز کے تبادلے کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کا سینئر ترین جج قرار دے دیا گیا۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ ججز کی سنیارٹی کے تعین کا معاملہ صدر مملکت کو بھیجا تھا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے تعین کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی سنیارٹی لسٹ جاری کر دی، لسٹ کے مطابق جسٹس محسن اختر کیانی دوسرے اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب سنیارٹی میں تیسرے نمبر پر ہوں گے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔
صدر مملکت نے جسٹس سرفراز ڈوگر اور دیگر 2 ججز کے تبادلوں کو بھی مستقل قرار دے دیا، سنیارٹی لسٹ کے مطابق ٹرانسفر ہونے والے جسٹس خادم حسین سومرو 9 ویں، جبکہ جسٹس محمد آصف 11 ویں نمبر کے جج ہوں گے۔یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5 ججز نے گزشتہ روز سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔
واضح رہے کہ 19 جون کو سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے 3 ججز کا اسلام آباد ہائی کورٹ میں تبادلہ آئینی و قانونی قرار دیتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 5 ججز کی جانب سے دائر کردہ درخواستیں مسترد کر دی تھیں۔