لاہور میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار، بجلی کا ترسیلی نظام شدید متاثر
لاہور اور گردونواح میں شدید طوفان و موسلادھار بارش سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا۔صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے لکشمی چوک، شملہ پہاڑی، ایبٹ روڈ، ڈیوس روڈ، مال روڈ، شادمان، گلبرگ، سکیم موڑ، مغلپورہ، دھرمپورہ، ایئرپورٹ، یتیم خانہ، علامہ اقبال ٹاؤن، وحدت روڈ، مسلم ٹاؤن اور شاہدرہ کے اطراف میں شدید بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
اس کے علاوہ مزنگ، چوبرجی، شام نگر، اسلامپورہ، بند روڈ، سول سیکرٹریٹ اور انارکلی کے اطراف میں بھی بادل برس پڑے۔شہر میں تیز آندھی اور بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہوگیا، لیسکو کے 178 فیڈرز ٹرپ کر گئے، اکثر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہوگئی۔
واضح رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری کیا ہے، خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے، گلگت بلتستان کے کچھ علاقوں میں پہاڑوں سے برف پگھلنے کے باعث سیلابی صورتحال کا خطرہ ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق 26 سے 28 جون تک پنجاب، کے پی اور سندھ میں بارشوں سے 38 افراد جاں بحق جبکہ 43 زخمی ہوئے ہیں۔