ڈیزل بسوں کو ماحول دوست الیکٹرک بسوں سے تبدیل کرنے کے حوالے اجلاس
ڈیزل بسوں کو ماحول دوست الیکٹرک بسوں سے تبدیل کرنے کے حوالے صوبائی وزیر ابراہیم مراد کی صدارت میں اجلاس ہوا ۔ ابراہیم مراد نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے تازہ اعداد و شمار پاکستان میں ہر شخص کی عمر اوسطاً 4 سال کم کرنے کا عندیہ دیتے ہیں۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی آلودگی بارے ہدایات پر عمل کر کے محض لاہور میں اوسطاًہر شخص کی عمر میں قریب 8 سال تک کا اضافہ ہو سکتا ہے۔یونیورسٹی آف شکاگو کی حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے بڑی آبادی والے شہر شدید آلودگی کی لپیٹ میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ رکشے، لوڈر و دیگر لوکل ٹرانسپورٹ کو بھی الیکٹرک ماڈل پر تبدیل کرنا کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔
ماحول دوست بسیں متعارف کرانے سے آنے والے دور میں ماحولیاتی آلودگی کے مسائل حل ہوں گے۔سولر چارجنگ کی مدد سے الیکٹرک بسیں ڈیزل سے کم خرچ پر چلائی جائیں گی۔انہوںنے کہا کہ اضافی بوجھ سے بچنے کیلئے الیکٹرک بسوں کا منصوبہ کسی بین الاقوامی ادارے کی گرانٹ سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کی کوشش کریں گے۔