احسن اقبال کا ادارہ شماریات کا دورہ، ’اُڑان پاکستان‘ ڈیٹا سینٹر کی پیش رفت کا جائزہ

0 10

وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے ادارہ شماریات پاکستان (پی بی ایس) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے 2023 کی مردم شماری کے اعداد و شمار، ان کی عوامی تشہیر کے منصوبے اور اُڑان پاکستان” ڈیٹا سینٹر کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ 2023 کی ڈیجیٹل مردم شماری ایک تاریخی کامیابی ہے، جسے تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاقِ رائے سے پذیرائی ملی، مردم شماری پر اعتماد بحال ہوا ہے، مگر اس کے نتائج نے کئی اہم قومی چیلنجز کو بھی نمایاں کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تیس سال بعد ایک بار پھر آبادی میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، "ہم اُن ممالک میں شامل ہو چکے ہیں جہاں سالانہ شرحِ افزائش آبادی 2.5 فیصد سے زیادہ ہے”، انہوں نے صوبوں پر زور دیا کہ وہ اس صورتحال پر قابو پانے کے لیے ہنگامی اقدامات کریں۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہر سطح پر مردم شماری کے اعداد و شمار کو مؤثر اور نتیجہ خیز طریقے سے استعمال کرنا ہوگا تاکہ پالیسی سازی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں، انہوں نے کہا کہ درست فیصلہ سازی کا واحد راستہ اعداد و شمار پر مبنی حکمرانی ہے۔

انہوں نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی ملک 90 فیصد شرح خواندگی کے بغیر ترقی یافتہ نہیں بن سکا، جبکہ پاکستان میں یہ شرح صرف 60 فیصد ہے، مردم شماری کے ذریعے یہ جانچ ممکن ہوئی ہے کہ کون سے اضلاع میں آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور کہاں بچے اسکولوں سے باہر ہیں، "مردم شماری کے مطابق پاکستان میں 2 کروڑ 50 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں”۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.