بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کو توہین عدالت پر قید کی سزا
بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کو توہین عدالت پر قید کی سزا سنا دی گئی۔بنگلادیش کی انٹرنیشنل کرائم ٹریبونل نے سابق وزیراعظم اور عوامی لیگ کی سربراہ شیخ حسینہ واجد کو توہین عدالت کا مجرم قرار دیتے ہوئے 6 ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔
مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق عدالتی فیصلے کا پس منظر ایک لیک ہونے والی آڈیو ہے، جس میں شیخ حسینہ کو یہ کہتے سنا گیا ’’میرے خلاف 227 مقدمے ہیں، اب مجھے 227 لوگوں کو مارنے کا لائسنس مل گیا۔‘‘
بنگلہ دیشی میڈیا کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ عدالت نے اس بیان کو عدالتی وقار میں مداخلت اور توہین عدالت قرار دیتے ہوئے سخت ایکشن لیا، عوامی لیگ کی طلبہ تنظیم چھاترا لیگ کے لیڈر شکیل آکند کو بھی توہین عدالت پر 2 ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
یاد رہے کہ شیخ حسینہ واجد گزشتہ سال اگست میں طلبہ تحریک کے بعد ملک سے فرار ہوکر بھارت چلی گئی تھیں، ان پر انسانیت کے خلاف جرائم سمیت کئی الزامات کے مقدمات زیر سماعت ہیں اور وہ بنگلادیشی عدالتوں میں مفرور قرار دی جا چکی ہیں۔