ماسکو میں گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ، شہری پریشان

0 8

روس کے دارالحکومت ماسکو میں رواں ہفتے گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس نے شہریوں کو حیرت اور پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے جو گزشتہ کئی دہائیوں کا ریکارڈ توڑ چکا ہے۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ درجہ حرارت عام طور پر جولائی کے مہینے میں متوقع نہیں ہوتا اور موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ایسے غیر متوقع موسم میں اضافہ ہو رہا ہے۔روسی ہائیڈرو میٹرولوجیکل سینٹر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم نے ماسکو میں اس سطح کی گرمی بہت کم دیکھی ہے، شہریوں کو چاہیے کہ وہ دھوپ میں باہر نکلنے سے گریز کریں اور زیادہ سے زیادہ پانی پئیں۔

گرمی سے بچنے کیلئے زیادہ ترلوگ سوئمنگ پولز اور ندیوں کا رخ کر رہے ہیں، ماسکو کے مضافات میں اور ماسکو کے قریب کے علاقے میں پارک لوگوں سے بھرے پڑے ہیں۔طبی ماہرین نے خاص طور پر بزرگ افراد، بچوں اور دل کے مریضوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔

دوسری جانب شہریوں کو گرمی سے نمٹنے کے لیے دارالحکومت کی میٹرو میں مسافروں کو مفت پانی دیا جا رہا ہے جبکہ خواتین کیلئے سرکاری خدمت کے دفاتر میں پانی کی مفت بوتلیں دی جارہی ہیں۔ماسکو کی انتظامیہ نے پارکوں اور عوامی مقامات پر پانی کے سپرے اور شیلٹرز کا انتظام شروع کر دیا ہے تاکہ عوام کو کچھ راحت مل سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.